Latestشاعری

یُوں مسکرا کے جلوہ کسی نے دِکھا دیا

شاعر: پریم ناتھ بسمل

یوں مسکرا کے جلوہ کسی نے دکھا دیا

اس مہ جبیں نے مجھ کو بھی بسمل بنا دیا

میری وفا کا اس نے بھلا کیا صلہ دیا

غیروں کے ساتھ مل کے مرا گھر جلا دیا

اس کو ترس نہ آیا کبھی میرے حال پر

سن کر کے میری آہ و فغاں مسکرا دیا

کرتا ہی جا رہا ہے وہ دن رات رہزنی

رہزن تھا جس کو ہم نے محافظ بنا دیا

لوگوں سے بچ کے رہنے لگا ہوں میں آج کل

اک عاشقی نے سب کی نظر سے گرا دیا

دنیا رہی نہ دین رہا تیرے عشق میں

جو کچھ تھا میرے پاس تجھی پر لٹا دیا

اے دنیا والے کم نہ تھے مجھ پر ترے ستم

گو آسماں نے خاک میں ہم کو ملا دیا

سن کرکے میں ہنسا تھا ترے آنے کی خبر

پر آ کے تری یاد نے مجھ کو رلا دیا

میں شاعری کے فن سے تو واقف نہ تھا مگر

بسمل مجھے بھی عشق نے شاعر بنا دیا

WhatsApp Group Join Now

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *