اداریہ

عباسی اکیڈمی لندن کے زیراہتمام رسالہ لاہور انٹرنیشل لندن کا اجراء اگست 2016ء کو ماہنامہ کے طور پر ہوا۔ دریں اثناء سال بعد اس کا انگریزی حصہ بھی جاری ہوا۔
دنیا بھر سے ہزاروں قارئین نے اس کو بہت سراہا۔ تمام کا تاثر یہ تھا کہ اس کے مضامین بہت معیاری اور معلوماتی ہوتے ہیں۔ یہ عالمی سطح پر ادبی، سیاسی، سماجی و مذہبی سرگرمیوں کی ترجمانی کرتا ہے۔
یہ رسالہ بیک وقت ’’اُردو‘‘ اور ’’انگریزی‘‘ زبان میں لندن سے شائع ہونے والا عالمی جریدہ ہے یہ پردیس سے دنیائے ادب کےلئے جاری و ساری ہے۔قارئین کے بےحد اصرار پر مجلہ ہفت روزہ جاری کیا جارہا ہے یہ پہلا ہفت روزہ ہے۔ (14 تا 21 فروری 2022ء)
راقم الحروف کے علاوہ اور کوئی مددگار نہیں جبکہ آپ کو علم ہے یہ کام جوئےشیر سے کم نہیں اس کام کےلئے ایک ٹیم اور سرمایہ کی ضرورت ہوتی ہے جوکہ ہر دو ہمیں میسر نہیں۔کئی دوستوں نے مشورہ دیا اس کو پندرہ روزہ کردیں لیکن اکثریت کا فیصلہ تھا کہ ہفت روزہ کردیا جائے۔ لہٰذا بڑے غوروخوض کے بعد اس کو ہفت روزہ کیا جارہا ہے۔ جن مصائب و مشکلات اور پریشانیوں سے ہم یہاں تک پہنچے ہیں یہ وہی بہتر سمجھ سکتا ہے جو اس کام سے تعلق رکھتا ہے۔ کل بھی وہی خالقِ حقیقی ہمارا سہارہ تھا اور آج بھی اُسی پر ہمارا انحصار ہے ہم اُسی کے ناچیز بندے ہیں جو ان کی کاوشوں کو پھل عطا کرتاہے۔رسالہ لاہور اُردو اور انگریزی کے موضوعات کا تعین قارئین کی دلچسپی اور ان کے خیالات کے مدِنظر یہ مضامین پُرمغز اور فکرانگیز ہوں اور موجودہ حالات کے پیشِ نظر ہوں۔ علاوہ ازیں اس کے تمام صفحات رنگین مُزیّن اور منفرد ڈیزاینگ پر مشتمل ہیں۔ یہ رسالہ آن لائن پر دستیاب ہے اور اس کا اپنا علیحدہ سے Youtube چینل بھی ہے۔
ہمارا تو اصل مقصد دنیا کے تمام مکاتبِ فکر کے لئے مذہب اور رنگ و نسل سے پاک اور بنی نوع انسان کی خدمت اور ان کو وہ مقام و مرتبہ دینا جو اسلام نے دیا ہے بالخصوص ہماری نئی نوجوان نسل کو اچھے اخلاق مہیا کرنا جس سے معاشرہ حقیقی معنوں میں اسلامی تعلیمات کا گہوارہ بن جائے۔دعا ہے کہ یہ رسالہ اس جرم سماوی (علم و دانش کی روشنی) کا سا رنگ اختیار کرے اس کی اشاعت و ترویج کےلئے آپ اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔اللہ کرے یہ تمام کےلئے شمع تاب ثابت ہو یہ شمع بڑھتی رہے کبھی گُل نہ ہو اور فرخندہ فرجام ہو۔ آمین


بہت خوبصورت سوچ ہے۔ اللہ زور قلم۔ذوق علم اور ثبات قدم سے نوازے آمین