غزل ۔ ۔ ۔ افضل مرزا
شاعر: افضل مرزا۔ امریکہ
آئینہ بن سنور گیا مجھ میں
عکسِ مرشد اُتر گیا مجھ میں
اُس نے دیکھا تو یوں لگا جیسے
اک زمانہ گزر گیا مجھ میں
اُس کے اس نور ماورائی سے
میرا اندر نکھر گیا مجھ میں
یوں تو وہ کوچ کرنے والا تھا
جاتے جاتے ٹہر گیا مجھ میں
وہ جو پرتوِ عشق مرشد تھا
رفتہ رفتہ ابھر گیا مجھ میں
ایسے گزرا قریب سے میرے
مثل خوشبو بکھر گیا مجھ میں
دفعتاً آج اس کی یاد آئی
اور ساون اتر گیا مجھ میں

