اردو

غزل

Share your Love

عزم الحسنین عزمی کا تعلق شہر گجرات کے گاؤں ڈوڈے سے ہے۔ مختلف کتابوں کے مطالعے کے شوق کے ساتھ شاعری میں‌ دل چسپی پیدا ہوئی اور مشقِ سخن کے ساتھ ان کا فن نکھرتا گیا اور خیالات میں پختگی آتی چلی گئی۔ ان کی ایک غزل پیشِ خدمت ہے

کب اک ذرا کسی لذّت سے آشنا رہا ہے
کہ دل کا خالی دھڑکنے پہ اکتفا رہا ہے

یہ کون کرگیا ہے کہکشائیں بے ترتیب
یہ کون سوئے خدا راستہ بنا رہا ہے

ابھی تو آ کے زمانے میں دل لگا تھا مرا
عدم بھی کتنے غلط وقت پر بلا رہا ہے

وہ لے ہی آئے کوئی درد کل بڑا کسے علم
ابھی تلک تو مرا ضبط ہی بڑا رہا ہے

گدا کو موڑنا خالی تھا مشغلہ اس کا
یہ اب گلی میں جو کاسہ بدست جارہا ہے

اب اور کس طرح دنیا تمہارے ساتھ چلے
کہ جس پہ سوگ تھا واجب وہ مسکرا رہا ہے

WhatsApp Group Join Now

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *