تعلیم و صحتسائنس و ٹیکنالوجیشعبہ انٹرنیشنلقومیمتفرق

پاک ناروے ٹیکنالوجی کاروباری تعاون کا نیا باب

رپورٹ: مبارک احمد شاہ بیورو چیف ناروے ہفت روزہ لاہور انڑنیشنل

پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن (P@SHA) کا اعلیٰ سطحی وفد اس سال بھی مسلسل تیسرے برس ناروے کے دورے پر پہنچا ہے۔ یہ وفد 20 تا 24 اکتوبر 2025 کو منعقد ہونے والی Oslo Innovation Week (OiW) میں پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے، جس کا مقصد ٹیکنالوجی، بزنس، اور ڈیجیٹل انڈسٹری میں دوطرفہ تعاون کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔

اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان، اوسلو نے ایک خصوصی تقریب ’’Pakistan Night‘‘ کے عنوان سے 21 اکتوبر کو اپنے احاطے (Holmenveien 21, Oslo) میں منعقد کی۔ یہ تقریب سفارت خانہ پاکستان، P@SHA اور ناروے کی آئی ٹی انڈسٹری نیٹ ورک TEK Norge کے باہمی اشتراک سے ترتیب دی گئی، جس میں پاکستان اور ناروے کے معروف آئی ٹی ماہرین، بزنس لیڈرز اور حکومتی نمائندوں نے شرکت کی۔

21 اکتوبر کی شام کو منعقد ہونے والی یہ تقریب ایک باوقار اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ تقریب کا آغاز خضرا خان، ڈائریکٹر برانڈ اینڈ گلوبل آؤٹ ریچ (P@SHA) نے کیا، جنہوں نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور اجلاس کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن 1992 میں قائم کی گئی، جو نجی شعبے کی معروف سافٹ ویئر اور ٹیکنالوجی کمپنیوں پر مشتمل ایک نمائندہ ادارہ ہے۔ P@SHA کا مقصد پاکستان میں آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی، بین الاقوامی سطح پر اس کے امکانات کو اجاگر کرنا، اور پالیسی سازی میں مثبت کردار ادا کرنا ہے۔

سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے اپنے افتتاحی خطاب میں وفد کو خوش آمدید کہا اور ناروے میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کی مسلسل بڑھتی ہوئی موجودگی کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ:

’’یہ دیکھ کر اطمینان ہوتا ہے کہ پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں نہ صرف ناروے بلکہ یورپ بھر میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے ایک مثبت اور مضبوط پہچان بنا رہی ہیں۔ یہ وفود دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔‘‘
سفیر صاحبہ نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی کا اشتراک، سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ، ڈیجیٹل سروسز اور اسٹارٹ اپس کے ذریعے پاکستان اور ناروے کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

ناروے کے نائب وزیر صحت، عثمان مشتاق نے اپنے خطاب میں پاکستانی وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ناروے اور پاکستان کے درمیان ٹیکنالوجی، صحت اور ڈیجیٹل سسٹمز میں تعاون کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ناروے میں پاکستانی ماہرین کی صلاحیتیں قابلِ فخر ہیں، اور اس طرح کے وفود دونوں ممالک کے درمیان دیرپا روابط قائم کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

تقریب سے جمیل گوہیر (چیف ایگزیکٹو آفیسر)، پول وین اسپن (ڈائریکٹر آف سیکیورٹی اینڈ ڈیفنس ٹیک ناروے)، یوسف گیلانی (وائس چیئرمین ایس ایم بی ناروے)، ہائیدی ویسٹبی نی ہُس اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کی نوجوان آئی ٹی فورس عالمی معیار کی خدمات فراہم کر رہی ہے، اور ناروے میں کاروباری شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

تعارف، نیٹ ورکنگ اور ضیافت خطابات کے بعد شرکاء نے آپس میں ملاقاتیں کیں، کاروباری تعارف کا تبادلہ ہوا، اور ممکنہ مشترکہ منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔ تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی صاحبہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی کھانوں کی خوشبو، باہمی گفت و شنید، اور دوستانہ ماحول نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ یہ تقریب نہ صرف پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کی عالمی شناخت کا مظہر تھی بلکہ ناروے کے ساتھ تعلقات میں ایک نئے اعتماد، تعاون اور دوستی کی بنیاد بھی بنی۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ گزشتہ تین برسوں میں پاکستان سے ناروے کو آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلقہ خدمات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعلقات کا عملی ثبوت ہے۔

نوٹ: یہ تحریر مضمون نگار کے اپنے خیالات اور رائے پر مبنی ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

WhatsApp Group Join Now

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *