بزمِ ادب برلن کے زیرِ اہتمام مشاعرہ
رپورٹ: سیمی ظہیر
برلن کے نذدیک پوٹسڈام میں بزم ادب برلن کے زیر اہتمام تین کتب کی تقریب اجراء اور ایک شعری نشست کا اہتمام کشمیر ہاؤس نامی ایک ریسٹورینٹ میں کیا گیا۔
بزم ادب برلن جرمنی میں برلن کی سب سے پرانی ادبی تنظیم ہے جس کے صدر محترم علی حیدر وفا صاحب اور اس کے متعمد خاص جناب سرور غزالی صاحب کی انتھک محنت سے گزشتہ چالیس سال سےمسلسل ادبی محافل سجانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہفتہ 22 اگست 2026 کو دوپہر تین بجے مذکورہ پروگرام کا آغاز ہوا۔ پروگرام کے آغاز میں تنظیم کے معتمد اعلیٰ جناب سرور غزالی نے تمام مہمانوں کی آمد پر اظہار تشکرپیش کرتےہوئے تنظیم کے صدر علی حید وفا صاحب کو اور کشمیر ہاؤس ریسٹورینٹ کے مالک انصر بٹ کو نشست سنبھالنے کی دعوت دی اور کتب کے مصنفین کوبھی اسٹیج پر دعوت دے کر پروگرام کا آغاز کیا۔سب سے پہلے عامر عزیز صاحب کے افسانوں کے مجموعے “ سرخ ریت کا خواب” کا اجراء کیا گیا۔ جس پر انور ظہیر رہبر نے اپنا تبصرہ پیش کیا اور بعد ازاں کتاب سے عامر عزیز نے اپنے ایک افسانے کا اقتباس پڑھ کر سنایا اور کتاب کی رونمائی صدر محفل علی حیدر وفا اور دیگر مہمان خصوصی کے ہاتھوں کی گئی ۔ دوسری کتاب انور ظہیر رہبر کے نظموں کے مجموعے “ ایک لمحہ ہے تمہارے پاس” کی تھی، جس پر تبصرے کے لیے معروف شاعرہ مایا حیدر کو مدعو کیا گیا۔ مایاحیدر نے اپنے خوبصورت لب و لہجہ میں کتاب پر اپنا جامع تبصرہ پیش کیا اور چیدہ چیدہ نظموں کا تعارف پیش کیا۔ جس کے بعد انور ظہیر رہبر نےبھی اپنی کتاب سے منتخب نظمیں پڑھ کر سنائیں اور کتاب کے سرورق اور اشاعت کی بابت حاضرین کو بتایا کہ اُن کی صاحبزادی نے اس کتاب کی تیاری میں تکنکی اور فنی طور پر معاونت کی۔تیسری کتاب بزم ادب برلن کے معتمد اعلیٰ جناب سرور غزالی کے نظموں کے مجموعے “ پابند سلاسل” کی رونمائی تھی۔ اس کتاب کی منفرد بات یہ ہے کہ یہ کتاب اردو اور جرمن دونوں زبانوں میں ہے اور امازون پربھی دستیاب ہے ۔ اس پر تبصرہ جرمنی کی معروف شاعرہ و افسانہ نگار عشرت معین سیما نے کیا اُنہوں نے سرور غزالی کے منفرد اسلوب شاعری اورمضامین کو بنیاد بناتے ہوئے اُن کی نظم “ مٹی کے مادھو” پر اپنے تاثرات پیش کئے اور بتایا کہ سرور غزالی اپنے عہد کے حقائق اور جرمنی و برصغیر کی سیاسی و سماجی زندگی کو اپنی شاعری میں پیش کرکے ایک تاریخ رقم کر رہے ہیں ۔ سرور غزالی نے بھی اپنی کتاب سے منتخب نظمیں سامعین کو سنا کر داد وصول کی ۔
پروگرام کے دوسرے حصے میں ایک شعری نشست کا اہتمام کیا گیا تھا جس کی صدرات علی حیدر وفا صاحب نے کی ۔ اس نشست میں برلن اور اس کے گردو نواح کے شعراء و شاعرات نے شرکت کی جن میں، عامر عزیز صاحب، عاصم بشیر صاحب، انصر بٹ صاحب، مایاحیدر صاحبہ، عشرت معین سیماصاحبہ، رشی خاں صاحب، سرور غزالی صاحب، انور ظہیر رہبر اور صدر محفل جناب علی حیدر وفا صاحب شامل تھے ۔ اس کے علاوہ اس مشاعرے میں ایک جرمن شاعر اوڈیمار کی شرکت نے بھی محفل میں اردو زبان کی جرمنی میں مقبولیت کا ثبوت پیش کیا۔ اوڈیمار کی اردو زبان سے محبت اُن کا رواں اردو لہجہ اور شاعرانہ انداز بیان تھا۔ اس کے علاوہ چیک ری پبلک میں پراگ سے تشریف لائے شاعر آصف پراگ نے بھی اپنے ترنم اور پُر لطف شاعری سے ماحول کو گرمائے رکھا۔ پروگرام کے آخری حصے میں تمام مصنفین اور ریستوراں کے مالک انصر بٹ کو بزم ادب برلن کی جانب سے کتاب اور پھولوں کے تحائف پیش کئے گئے۔
پروگرام کے آخر میں کشمیر ہاؤس کے روح رواں جناب انصر بٹ نے تمام مہمانوں کے لیے پرتکلف طعام پیش کیا اور اُن کی آمد پرشکریہ ادا کیا۔
نوٹ: یہ تحریر مضمون نگار کے اپنے خیالات اور رائے پر مبنی ہے جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

